پولیس نے 8 گھنٹوں میں 15 لاکھ ریکور کر کے ملزم گرفتار کیا

لاہور (کرائم رپورٹر)یکی گیٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 8 گھنٹوں میں 15 لاکھ روپے ریکور کر کے ملزم اظہر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق فیروز نامی شہری کاروبار کے سلسلے میں 15 لاکھ روپے نقد رقم لیکر نکلا تھا۔ وہ نجی پمپ پر پیٹرول ڈلوانے کے لیے رکا جہاں موٹر سائیکل سوار رائڈر نے رقم سے بھرا نوٹوں والا شاپر بیگ اٹھا لیا اور چوری کر گیا۔ نوٹوں سے بھرا شاپر دیکھ کر ملزم نے بددیانتی کی اور خاموشی اختیار کی۔ یکی گیٹ پولیس کو اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کی اور واقعہ کا مقدمہ درج کیا۔ ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ملزم نجی کمپنی کا رائڈر تھا جو لمبی ڈرائیو نہ کر سکا اور پولیس نے اسے دھر لیا۔ ایس ایچ او یکی گیٹ شیخ کاشف نے چند گھنٹوں میں ملزم کو گرفتار کیا اور رقم اصل مالک فیروز خان کو واپس کر دی گئی۔ فیروز خان نے نقد رقم واپس ملنے پر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے شہری کی مدد اور بروقت گرفتاری پر ایس ایچ او اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔