لبنان میں اسرائیلی حملوں کے بعد چین اور پاکستان کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ لبنان کی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے اور لبنان کے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔ چین نے واضح کیا کہ کسی بھی جارحیت یا تصادم سے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔اسی دوران پاکستان نے بھی لبنان کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں پر سخت مذمت کی۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں شہریوں کی ہلاکتوں اور انفراسٹرکچر کی وسیع تباہی تشویش کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور عالمی برادری کو فوری طور پر لبنان میں انسانی حقوق اور شہری تحفظ کے لیے اقدامات کرنے چاہیے۔دونوں ممالک کی یہ تشویش اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ لبنان میں جاری کشیدگی عالمی سطح پر تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے، اور بین الاقوامی کردار کی ضرورت ہے تاکہ تنازع کے اثرات کو محدود کیا جا سکے۔