لاہور(کرائم رپورٹر)ہیئر کے علاقے اصل گرو میں دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دودھ دے کر واپس آنے والے شہری زمان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا۔اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ اختر نواز، ایس ایچ او ہیئر اور بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کا جائزہ لیا۔ پولیس کے مطابق زخمی شہری زمان کی دائیں ٹانگ پر گولی لگی، جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔بعد ازاں ایس پی کینٹ اختر نواز نے ہسپتال پہنچ کر زخمی شہری کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔ انہوں نے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ زخمی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔پولیس نے متاثرہ شہری زمان کی مدعیت میں دو نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایس پی کینٹ اختر نواز نے ایس ایچ او ہیئر کو ملزمان کو فوری ٹریس کر کے گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔