کابینہ ارکان کاوزیرِ اعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال ، عظیم سفارتی جیت پر مبارکباد ،ڈیسک بجا کر خراجِ تحسین
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ختم ہو گیا ہے، جس میں امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی جنگ بندی اور پاکستان کے کلیدی کردار پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس کے دوران کابینہ نے متفقہ طور پر آنے والے جمعہ کو ملک بھر میں ‘ یومِ تشکر’ منانے کا فیصلہ کیا اور پاکستان کی اس عظیم سفارتی جیت پر وزیرِ اعظم کو مبارکباد پیش کی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ یومِ تشکر کے موقع پر مذاکرات کی حتمی کامیابی اور خطے کے امن کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ وزیرِ اعظم نے اس مشن میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی انتھک کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہا، جس پر کابینہ ارکان نے ڈیسک بجا کر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کا وقار بلند کیا ہے اور یہ کامیابی پوری قوم کی ہے، جس کے باعث پاکستان کو امریکہ ایران مذاکرات کی میزبانی کا عظیم شرف حاصل ہوا ہے۔ شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری، نائب وزیرِ اعظم اور بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں کو بھی لائقِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ جدوجہد سے یہ ناممکن کام ممکن ہوا۔