پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے نیشنل پارٹی کے صدر اور بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ملاقات کی۔
دونوں قائدین نے مجموعی ملکی صورتحال اور بلوچستان کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مہنگائی کی رفتار اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے پر نواز شریف کو مبارکباد دی۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور دیگر قیادت کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے روایت کے مطابق ہمارا استقبال کیا۔ ہم نے نواز شریف سے کہا کہ بلوچستان کی موجودہ صورتحال میں آپ کا کردار بہت اہم ہے۔ بلوچستان کے سیاسی معاملات پر ہم نے تفصیلاً بات کی ہے۔ بلوچستان میں دھرنا ہے اور جیلوں میں موجود افراد کے حوالے سے ہم نے نواز شریف سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے پر اپنا کردار ادا کریں۔
نواز شریف نے کہا کہ وہ بلوچستان جائیں گے، لوگوں سے ملیں گے اور اس مسئلے کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ نواز شریف نے اپنی رضامندی ظاہر کی کہ وہ اپنا کردار ادا کریں گے۔سینئر لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے اس ملاقات کے بارے میں بتایا کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جاتی عمرہ آکر نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بلوچستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے درخواست کی کہ نواز شریف سینیئر سیاست دان کے طور پر اپنا کردار ادا کریں۔ نواز شریف نے یقین دلایا کہ وہ اس مسئلے پر ذاتی طور پر دلچسپی لے کر حل نکالیں گے۔