سکولز میں نماز کی ادائیگی کے انتظامات کا حکم

خاتون اساتذہ کیلئے شلوار قمیض،دوپٹہ پہننا لازمی،مردوں پر جینز،ٹی شرٹ کی پابندی
لاہور( کرائم رپورٹر) محکمہ سکولز ایجوکیشن نے موسم کی شدت اور مذہبی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لئے نیا ڈریس کوڈ جاری کر دیا ۔ یکم مئی سے 15 ستمبر تک شدید گرمیوں کے دوران طلبا کو سکول یونیفارم کے بجائے ہلکے اور آرام دہ گھریلو کپڑے پہننے کی اجازت ہوگی۔ یکم دسمبر سے 20 فروری تک سخت سردی میں یونیفارم کے اوپر کسی بھی قسم کے گرم کپڑوں کے استعمال کی اجازت ہوگی۔محکمہ نے واضح کیا کہ طالبات کے لئے میک اپ، جیولری، چمکدار یا ریشمی لباس کے استعمال پر پابندی ہوگی تاکہ تعلیمی ماحول سادہ اور یکساں رہے۔اساتذہ کے لئے بھی نیا ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے۔ تمام خاتون اساتذہ کیلئے شلوار قمیض اور دوپٹہ پہننا لازمی قرار دیا گیا جبکہ مرد اساتذہ کو جینز اور ٹی شرٹ پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔محکمہ سکولز ایجوکیشن نے سکول اوقات کار کے دوران نمازِ ظہر کے باقاعدہ انتظامات کرنے کی بھی ہدایت جاری کر دی۔