سیئول(آئی این پی ) جنوبی کوریا میں صدر یون سک یول کی معزولی کے بعد 3 جون 2025 کو قبل از وقت صدارتی انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ قائم مقام صدر ہان ڈک سو نے باضابطہ اعلان کے ذریعے کیا۔یاد رہے کہ صدر یون نے دسمبر میں مختصر وقت کے لیے مارشل لاء نافذ کیا تھا اور قومی اسمبلی میں فوج تعینات کی تھی، جس پر شدید عوامی غصے اور تنقید کے بعد انہیں آئینی عدالت نے متفقہ طور پر معزول کر دیا تھا۔جنوبی کوریا کے آئین کے مطابق اگر صدر کا عہدہ خالی ہو جائے تو 60دن کے اندر انتخابات کرانا لازمی ہوتا ہے۔اس وقت ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما لی جے میونگ سب سے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔ حالیہ گیلپ کوریا پول کے مطابق لی کو 34فیصد عوامی حمایت حاصل ہے، جو دیگر قدامت پسند امیدواروں سے کہیں زیادہ ہے۔صدارتی امیدواروں میں سابق لیبر منسٹر کم مون سو اور رکن پارلیمان اہن چول سو بھی شامل ہیں۔