عالمی سطح پر سزائے موت پر عمل درآمد میں بڑا اضافہ

   لندن(آئی این پی ) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ گذشتہ سال تقریباً ایک دہائی میں سب سے زیادہ پھانسیاں دی گئیں، زیادہ تر سزائے موت دینے والے ممالک میں ایران، عراق اور سعودی عرب شامل ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انسانی حقوق کے ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سزائے موت سے متعلق اپنی سالانہ رپورٹ جاری کی جس میں کہا گیا کہ سال 2024میں دنیا بھر میں 1,518پھانسیاں دی گئیں، جو اس سے پچھلے سال کے مقابلے میں 32 فیصد زیادہ ہے، جو 2015کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔رپورٹ کے مطابق ایران، عراق اور سعودی عرب نے عالمی سطح پر 91فیصد سزائے موت دی ہے۔ عراق میں پھانسیوں کی تعداد 16سے بڑھ کر 63ہو گئی، اور سعودی عرب میں 172سے بڑھ کر کم از کم 345تک جا پہنچی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ایران نے 972افراد کو پھانسی دی، جو 2023کے مقابلے میں 64فیصد زیادہ ہے، جن میں 30 خواتین بھی شامل ہیں۔ عراق میں، تمام پھانسیاں دہشت گردی کے جرائم میں دی گئیں۔ ایران میں تقریبا نصف سزائے موت منشیات سے متعلق جرائم کی وجہ سے دی گئیں۔