اسلام آباد: سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پارلیمانی لیڈر مولانا عطاء الرحمن کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں حکومت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور پارلیمنٹ میں مؤثر اپوزیشن کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایوان میں اپوزیشن متفقہ حکمت عملی اپنائے گی۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مل کر اپوزیشن کا کردار ادا کرنے پر بھی اتفاق ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں متحدہ اپوزیشن کے باہمی تعلق کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی، امید ہے سینیٹ میں اپوزیشن اپنا طاقتور کردار ادا کرے گی۔دوسری جانب مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ پارلیمنٹ کی حد تک ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن ایک نظر آئے گی۔مولانا عطاء الرحمن کے مطابق آئندہ چند روز میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس طلب کرکے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک اپوزیشن حکومت کو مؤثر انداز میں ٹف ٹائم نہیں دے سکی، تاہم اب کوشش ہوگی کہ اہم ایشوز پر مؤثر آواز اٹھائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے متحدہ اپوزیشن کے طور پر حکومت کو آئین میں غیر قانونی ترمیم سے روکنے میں کامیاب ہوں گے۔