لاہور (زیڈ این این)لاہور ہائیکورٹ نے جماعت اسلامی کے مال روڈ پر احتجاج اور پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنے کے خلاف دائر درخواست پر آئی جی پنجاب اور ڈپٹی کمشنر لاہور سے باقاعدہ جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے دونوں اعلیٰ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے شہری نسیم اختر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مال روڈ پر جماعت اسلامی کے دھرنے اور احتجاجی مظاہرے کے باعث عام شہریوں کو شدید نقل و حرکت اور آمد و رفت کی مشکلات کا سامنا ہے۔ دورانِ سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ مال روڈ پر دھرنے کی وجہ سے شہریوں کو بڑی مشکلات پیش آ رہی ہیں اور لوگوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں کافی وقت ضائع کرنا پڑ رہا ہے۔