پنجاب میں بارش سے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ

پنجاب میں بارش سے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ

پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونے والی حالیہ بارشوں نے سیلاب متاثرین کے مسائل کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے۔

 مظفرگڑھ میں مسلسل موسلادھار بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ گلیوں اور محلوں میں 3 سے 4 فٹ تک پانی جمع ہونے سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔فیصل آباد، جھنگ، ملتان، بہاولپور اور لودھراں سمیت پنجاب کے کئی اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جھنگ میں پہلے سے موجود سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے، جہاں نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے آمد و رفت معطل اور شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 9 ستمبر تک پنجاب سمیت اسلام آباد، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس دوران شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ دیہی و نشیبی علاقوں میں مزید سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ہنگامی صورتحال میں ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔