اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے کئی علاقے سیلابی صورتحال کا شکار ہوگئے ہیں۔
چنیوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دو گھنٹے سے زائد مسلسل بارش کے باعث متاثرین کی مشکلات بڑھ گئیں۔ شیخوپورہ اور گرد و نواح میں تیز بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، جب کہ جہلم میں بارش سے ندی نالے بپھر گئے اور قریبی آبادیوں میں پانی داخل ہوگیا۔ ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا ہے۔دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا کے مقام پر غیر معمولی سیلاب کے باعث انتظامیہ نے تلوار پوسٹ سے ملحقہ دیہات خالی کرانے کے اعلانات کیے ہیں۔
پشاور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد صدر، جی ٹی روڈ، گلبہار اور گورنر ہاؤس کے قریب شیر شاہ سوری روڈ پر پانی جمع ہوگیا۔ آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں بارش کے نتیجے میں نالہ ماہل میں طغیانی آگئی، جس کے باعث نالے کے کنارے آباد بستی کو خالی کرالیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جب کہ شام یا رات کو سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔