مدارس کے گرد گھیرا تنگ کرنا عالمی ایجنڈا ہے، مولانا محمد حنیف جالندھری

اسلام آباد (آن لائن)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلی مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا ہے کہ مدارس کے گرد گھیرا تنگ کرنا عالمی ایجنڈا ہے، ایف اے ٹی ایف کے دباؤ پر پاکستان میں بننے والے وقف ایکٹ اور بھارت کے اوقاف بل میں یکسانیت نے بھانڈا پھوڑ دیا، مدارس کی رجسٹریشن، بینک اکاؤنٹس اور دیگر معاملات میں عالمی استعمار رکاوٹ ہے، 20 اور 21 ستمبر کو وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے، مدنی مسجد کے معاملے میں اسلام آباد راولپنڈی کے علمائے کرام کی جدوجہد لائق تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اسلامیہ صدر راولپنڈی میں علمائے کرام کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں جامعہ اسلامیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمن، وفاق المدارس پنجاب کے ناظم مفتی عبدالرحمن، بزرگ عالم دین مولانا نذیر فاروقی، وفاق المدارس اسلام آباد کے مسول مولانا عبدالغفار، مفتی عبدالسلام، مفتی محمد اویس عزیز، مولانا عبدالقدوس محمدی، مولانا قاری فضل ربی، مولانا قاضی جنید رشید، مولانا ظہیر الدین امازئی اور دیگر علمائے کرام شریک تھے۔مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ بدقسمتی سے آئے روز کوائف طلبی کے نام پر اہل مدارس کو ہراساں کرنے کا سلسلہ رک نہیں سکا۔ مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے قانون سازی کا عمل بھی تعطل کا شکار ہے۔ مرکز کے بعد صوبوں میں قانون سازی اور رجسٹریشن کے عمل کو فی الفور شروع کرنے کی ضرورت ہے