آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 3 روز کے دوران 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 250 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق 15 کلو آٹے کا تھیلا 2100 روپے سے بڑھ کر 2350 روپے کا ہوگیا ہے، جبکہ چکی آٹے کی قیمت میں بھی 5 روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ایک کلو چکی آٹا 185 سے بڑھ کر 190 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ذرائع کے مطابق ایک من گندم کی قیمت بھی 4700 روپے سے بڑھ کر 5400 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح 80 کلو فائن میدہ کی بوری کی قیمت میں 1500 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد بوری 13 ہزار روپے کی ہوگئی۔دوسری جانب 50 کلو سوجی کے تھیلے کی قیمت میں بھی 700 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سوجی کی قیمت 7500 سے بڑھ کر 8200 روپے ہوگئی ہے۔مارکیٹ میں آٹے، گندم، میدہ اور سوجی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔