ن لیگ اپنے گھر کی لڑائی کا الزام ہم پر نہ ڈالے:پیپلزپارٹی

 بلاول نے کبھی مودی کو اپنے گھر نہیں بلایا،مودی کا یار غدار :سینیٹر پلوشہ
 ہم سرکاری لوگ نہیں ، عوام کا حصہ ہیں :سینیٹر وقار،مسرور احسن و دیگر 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے کہا کہ ن لیگ والے بلاول اور آصفہ بھٹو زرداری پر تنقید کر رہے ہیں ، ن لیگ اپنے گھر کی لڑائی کا الزام پی پی پی پر نہ ڈالے، ہم انکے گھر کی لڑائی میں آنا نہیں چاہتے ہیں، پنجاب حکومت کو شہباز شریف اپنی کرسی پر بیٹھے اچھے نہیں لگتے۔ ان خیا لات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء￿  و سابق وزیر مملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان،سینیٹر پلوشہ خان،سینیٹر وقارمہدی اور سینیٹر مسرور احسن نے پی پی پی سنٹرل سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ سینیٹر پلوشہ خان نے کہاکہ بلاول بھٹو نے کبھی مودی کو اپنے گھر نہیں بلایا، بلکہ ہمیشہ نعرہ لگایا کہ ‘‘مودی کا جو یار ہے، غدار ہے غدار ہے ’’، ہم آج بھی اسی نعرے پر قائم ہیں ، پنجاب کسی ایک پارٹی کی جاگیر نہیں، پیپلز پارٹی اتحادی ہے غلام نہیں ۔ سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے مخالفت اس بات پر ہے کہ شہبازشریف کو کیوں منتخب کیا،صدر آصف زرداری 2014 میں ن لیگ کے مشکل وقت پر جاتی عمرہ گئے ،ہم اتحاد کا حصہ اس لئے بنے کہ جمہوریت قائم رہے ،آپ کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپکو پھر بلاول بھٹو کی ضرورت پڑے گی، پھر صدر زرداری کی ضرورت پڑے گی، ابھی تک تو ہم نے تجاویز دیں ہیں تنقید نہیں کی۔ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ پنجاب حکومت گھبراہٹ کا شکار ہے ،پنجاب حکومت سیلاب زدگان کی مدد میں ناکام ہوگئی ، ملتان میں علی حیدر گیلانی کی سکیورٹی واپس لے لئے گئی ، ہم نے کبھی صوبائیت کا نعرہ نہیں لگایا ، ہم سرکاری لوگ نہیں ، ہم عوام کا حصہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھتیجی چچا کے خلاف سازش کر رہی ہے، گھر کی لڑائی میں ہمیں نہ گھسیٹیں، مودی کو ہم نے مدعو نہیں کیا، آپ نے کیا، ہم ملک کی سلامتی چاہتے ہیں اور پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ مسرور احسن نے کہا کہ میرا پانی میرا رائے ونڈ، کا نعرہ ہم سمجھتے ہیں، ہم وفاق کی بات کر رہے ہیں، این ایف سی میں 50 فیصد ریونیو سندھ دیتا ہے۔ پنجاب 35، کے پی کے 3، بلوچستان 1.2 فیصد، گندم سب کی ہے۔ آپکو ٹیکس سب زیادہ غریب طبقہ دیتا ہے، ہم پھر بھی خاموش ہیں، ہم پنجاب سے دو لاشیں لے کر گئے ، ذوالفقار بھٹو اور محترمہ بے نظیر اور ہمارے کارکنوں کو بھی یہاں شہید کیا گیا ، ہم نے ملک کی خاطر یہاں جانیں دی ہیں۔ سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ پورا پاکستان جانتا ہے کہ پی پی پی نے جمہوریت کے لئے قربانی دی ، ہم نے تو صرف کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے عوام کی مدد کریں ،پنجاب کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے ایسے مسئلے بنائے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں مہنگائی کا عالم دیکھ لیں، ان کاسوائے لاہور کے علاوہ کہیں دھیان نہیں ۔ اشتہارات سے کام نہیں چلے گا۔