ویب ڈیسک:پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔
لاہور میں سموگ کی صورتحال بدستور خراب ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 682 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 21 جبکہ زیادہ سے زیادہ 30 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں جزوی طور پر ابر آلود موسم رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں شام یا رات کے وقت بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع، جیسے سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ، قصور، فیصل آباد، ملتان، اور رحیم یارخان میں سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔ ان علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند بھی پڑنے کا امکان ہے۔ بلوچستان میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، لیکن پہاڑی علاقوں میں سردی برقرار رہے گی۔ سندھ میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند دنوں میں سموگ کی شدت برقرار رہ سکتی ہے، خاص طور پر پنجاب کے علاقوں میں، جس کے باعث شہریوں کو سفر کرتے وقت احتیاط کی ضرورت ہوگی۔