عدالت نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی ہے:علی امین گنڈاپور

عدالت نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی ہے:علی امین گنڈاپور

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے انہیں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہیں ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو وہ توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ صوبے کے تمام امور کو چھوڑ کر ملاقات کے لیے آئے ہیں، اور یہ ملاقات عمران خان کی جانب سے پیغام کے بعد کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں قانون کے مطابق ملاقاتیں کم دی جاتی ہیں اور ملاقاتوں کے حوالے سے انصاف نہیں مل رہا۔واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ کر ملاقات کی اجازت طلب کی تھی، جس پر پولیس نے انہیں روک دیا تھا۔

 اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ کے سکیورٹی آفیسر سب انسپکٹر سلیم قریشی نے پولیس سے مذاکرات کیے اور مطالبہ کیا کہ وزیرِ اعلیٰ کے پروٹوکول کو آگے جانے کی اجازت دی جائے۔ کچھ دیر بعد علی امین گنڈاپور پیدل ہی جیل کی طرف روانہ ہو گئے۔اس ملاقات کے دوران وزیرِ اعلیٰ کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی موجود تھے، اور علاقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔