کراچی: سیف سٹی کے تحت 40 ہزار گاڑیاں بلیک لسٹ قرار

کراچی: سیف سٹی کے تحت 40 ہزار گاڑیاں بلیک لسٹ قرار

کراچی میں سندھ پولیس نے سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت بڑی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے تقریباً 40 ہزار گاڑیوں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ فیصلہ ان گاڑیوں کے خلاف کیا گیا ہے جن کی ملکیت خرید و فروخت کے باوجود تاحال نئے مالکان کے نام منتقل نہیں کی گئی۔ اس کے علاوہ وہ گاڑیاں بھی بلیک لسٹ کی گئی ہیں جن کے مالکان کے کوائف مکمل نہیں ہیں یا جن پر سرکاری واجبات ادا نہیں کیے گئے۔حکام نے بتایا کہ بلیک لسٹ کی گئی گاڑیوں کی مکمل فہرست تیار کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف یکم جولائی سے باقاعدہ کارروائی شروع کی جائے گی۔ اس کارروائی کے دوران ایسی گاڑیوں کو ضبط بھی کیا جا سکتا ہے جبکہ مالکان پر جرمانے عائد کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

پولیس کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر سندھ پولیس کے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی گاڑیوں کی حیثیت چیک کریں اور اگر کوئی گاڑی بلیک لسٹ میں شامل ہے تو یکم جولائی سے قبل اس کی ملکیت کی منتقلی یقینی بنائیں۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ٹریفک نظام کو بہتر بنانا، جعلی یا غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی روک تھام اور سیف سٹی منصوبے کے تحت نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانا ہے۔