یورپی خلائی ایجنسی (ESA) کی جانب سے جاری کردہ مریخ کی نئی ہائی ریزولوشن سیٹلائٹ تصویر نے دنیا بھر کے ماہرین فلکیات اور شوقین افراد کو حیران کر دیا ہے۔
اس تصویر میں سرخی مائل کہلانے والا مریخ پیلے، نارنجی اور بھورے رنگ میں دکھائی دے رہا ہے۔خلائی سائنس کی معروف ویب سائٹ اسپیس ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق یہ تصویر یورپی خلائی ایجنسی کے ہائی ریزولوشن کیمرے کے ذریعے لی گئی، جس میں مریخ کے آرکیڈیا پلانیٹیا نامی خطے کو نمایاں کیا گیا ہے۔ یہ علاقہ مریخ کی تاریخ اور مستقبل کے مشنز کے حوالے سے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔
اہم نکات:
آرکیڈیا پلانیٹیا نظام شمسی کے بلند ترین آتش فشاں کے شمال مغرب میں واقع ہے۔اس علاقے کی سطح پر تقریباً 3 ارب سال پرانے لاوے کے آثار موجود ہیں۔سیارے کی سطح پر قلیل المدتی آندھیاں اور گرد و غبار دھندلی سفید لکیروں کی شکل میں دکھائی دے رہی ہیں۔تصویر میں تقریباً 9 میل چوڑا گڑھا بھی نظر آ رہا ہے، جو ماہرین کے مطابق ارضیاتی طور پر حالیہ ہے۔
یورپی خلائی ایجنسی نے انکشاف کیا ہے کہ اس علاقے کی سطح کے نیچے پانی کی برف موجود ہونے کا قوی امکان ہے، جو مستقبل میں مریخ پر بھیجے جانے والے مشنز کے لیے نہایت اہم ہوگا۔