لاہور (آئی این پی )جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے تاجروں کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے حکومت کی غلط پالیسیاں غربت میں اضافہ کررہی ہیں۔سربراہ جے یو آئی (ف ) سے متحدہ ایکشن کمیٹی سرکلر روڈ لاہور کے تاجروں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں تاجر برادری نے اپنے تحفظات اور حکومت کی معاشی پالیسیوں سے پیدا ہونے والے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔متحدہ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے کہا کہ حکومت ہم سے روزگار چھیننے جا رہی ہے، اور شہر کی خوبصورتی کے نام پر لاکھوں افراد کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔ ہم مولانا فضل الرحمان جیسے عوامی رہنما سے مکمل تعاون چاہتے ہیں، جنہوں نے ہمیشہ مظلوم طبقے کا ساتھ دیا۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے وفد کے مطالبات کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی تزئین و آرائش کے نام پر اگر بیروزگاری پیدا ہو تو یہ کسی صورت قبول نہیں۔ حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں نے مہنگائی بڑھا دی ہے اور غریب آدمی کی قوتِ خرید جواب دے چکی ہے۔