ویدانتہ گروپ کے چیئرمین انیل اگروال کے بیٹے اگنی ویش اگروال 49 سال کی عمر میں امریکا میں انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق اچانک دل کا دورہ ان کی وفات کی وجہ بنا۔انیل اگروال نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے بیان میں اس دن کو اپنی زندگی کا سب سے تاریک دن قرار دیا اور بتایا کہ اگنی ویش کو حال ہی میں اسکیئنگ کے ایک حادثے کے بعد نیویارک کے ماؤنٹ سائنائی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا تھا، جہاں وہ بہتر ہو رہے تھے، مگر اچانک طبی پیچیدگی کے باعث دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔انیل اگروال نے اپنے بیٹے کی شخصیت کو سادہ مزاج، بااخلاق اور انسان دوست قرار دیا اور کہا کہ وہ ویَدانتہ گروپ میں کام کرنے والے ہزاروں نوجوانوں کے لیے بھی ایک مثال تھے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنی آمدنی کا 75 فیصد سے زائد حصہ سماج کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کرنے کے اپنے وعدے پر قائم رہیں گے، تاکہ اگنی ویش کی یاد اور وراثت زندہ رہے۔اگنی ویش اگروال 3 جون 1976 کو پٹنہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے مایو کالج، اجمیر سے تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں فجیرہ گولڈ کی بنیاد رکھی۔ وہ ویَدانتہ گروپ کی اہم کمپنی ہندستان زنک کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔ اگنی ویش کاروبار کے ساتھ ساتھ کھیل اور موسیقی کے بھی شوقین تھے۔