لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی سرگودھا یونیورسٹی آمد کے باعث یونیورسٹی میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت سرگودھا یونیورسٹی میں تمام شعبہ جات کے فائنل ٹرم کے پرچے ملتوی کر دیے گئے ہیں، اور ان پرچوں کے نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس فیصلے کے باعث طلبہ و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں ہونہار طلباء میں اسکالرشپس تقسیم کرنی ہیں، اور اس سلسلے میں کرکٹ گراؤنڈ میں انتظامات کیے گئے ہیں۔ مریم نواز شریف بھی آج یونیورسٹی آف سرگودھا میں 1588 طلبہ کو اسکالرشپس کے چیک تقسیم کریں گی۔ ان اسکالرشپس کی مالیت 7 کروڑ روپے ہے اور یہ یونیورسٹیز آف سرگودھا، بھکر، میانوالی اور میڈیکل کالجز کے طلبہ کو ملیں گی۔ اس کے علاوہ، راولپنڈی اور ملتان میں 7700 طلبہ کو 44 کروڑ روپے کی اسکالرشپس کے چیک مل چکے ہیں۔