مطالبہ تسلیم نہ ہوا تو احتجاج کا دائرہ پورے پاکستان تک بڑھا دیا جائے ،صدر ہائیکورٹ بار
حیدرآباد (آئی ا ین پی ) حیدرآباد پولیس اور وکلاء کے درمیان تنازعے میں شدت آگئی، وکلاء نے ایس ایس پی کا تبادلہ نہ ہونے پر مرکزی قومی شاہراہ وادھو واہ کے مقام پر دھرنا د وسر ے روز میں داخل ہوگیا ۔احتجاج کی وجہ سے کراچی سے پنجاب اور اندرونِ سندھ آنے اورجانے والی ٹریفک معطل ہوگئی جس سے گاڑیوں کی قطاریں اور مسافر شدید پریشان ہوگئے ۔صدر ہائی کورٹ بار ایسویشن کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی کو ٹرانسفر نہیں کیا گیا تو 10دن تک دھرنا جاری اور احتجاج کا دائرہ پورے پاکستان تک بڑھا دیا جائے گا۔دوسری جانب سندھ پولیس نے وکلاء کو معاملے کی جوڈیشل انکوائری کی پیشکش کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی دائرے میں مسئلے کا حل چاہتے ہیں، ڈسٹرکٹ سیشن جج حیدرآباد کے زیر نگرانی جوڈیشل انکوائری کی جائے۔ سندھ پولیس کا موقف ہے کہ سندھ میں فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشوں کے خلاف مہم جاری ہے،3 روز قبل حیدرآباد میں بھٹائی نگر پولیس نے علی رضا ایڈووکیٹ کے خلاف جعلی نمبر پلیٹ لگانے کے الزام میں جعلسازی اور فراڈ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے کار تحویل میں لے لی تھی۔جس پر وکلاء برادری نے ایس ایس پی آفس حیدرآباد میں دھرنا دیا۔ان کا مطالبہ ہے کہ بھٹائی نگر تھانے کے ایس ایچ او اور ایس ایس پی حیدرآباد فرخ لنجھار کو برطرف کرکے مقدمہ ختم کیا جائے۔