بھارتی خواتین کرکٹر سمریتی مندھنا نے اپنی منگیتر پلاش موچل سے شادی کا منصوبہ ملتوی کرنے کے بعد اب اسے مکمل طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے منگیتر کے ساتھ موجود تصاویر، ویڈیوز اور پروپوزل ویڈیوز بھی حذف کر دی ہیں۔پہلے یہ طے پایا تھا کہ سمریتی مندھنا اور میوزک کمپوزر پلاش موچل کی شادی 24 نومبر 2025 کو ہونی تھی، مگر شادی سے چند گھنٹے قبل سمریتی کے والد کی طبیعت بگڑنے اور اسپتال میں داخل ہونے کے سبب تقریب ملتوی کر دی گئی۔ اگلے روز پلاش موچل بھی سینے میں تکلیف اور سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال پہنچ گئے۔ اس کے بعد ان دونوں کے درمیان شادی کے حوالے سے بحث شروع ہو گئی، اور آخرکار دونوں نے اپنے بیانات میں شادی منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔شادی منسوخی کا اعلان کرنے کے بعد، دونوں نے ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر ان فالو کیا اور اپنی پروپوزل ویڈیوز، شادی کی تقریبات سے متعلق تصاویر اور دیگر مواد ہٹا دی۔ پلاش موچل نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں آگے بڑھنے اور ذاتی تعلقات سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے، اور انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے بہت مشکل وقت ہے، مگر وہ اسے عزت سے قبول کریں گے اور امید ظاہر کی کہ معاشرہ بغیر تصدیق کے پھیلنے والی خبروں پر ردعمل دینا بند کر دے۔دوسری طرف، سمریتی مندھنا نے بھی اپنے بیان میں شادی کے منسوخ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نجی انسان ہیں اور چاہتی ہیں کہ اس معاملے کو یہاں ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی کا مقصد بھارت کی نمائندگی کرنا ہے اور وہ کھیل کر مزید ٹرافیاں جیتنے پر توجہ مرکوز رکھیں گی۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ ان کے اور ان کے خاندانوں کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے اور سب مل کر آگے بڑھیں۔یہ صورتحال بھارتی اور عالمی میڈیا میں خاصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، اور عوام اس فیصلے پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔