محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں خشک سالی کی صورتحال پرپری الرٹ ایڈوائزری جاری کردی
کوئٹہ،کراچی (آئی این پی )بلوچستان شدید سردی کی لپیٹ میں آ گیا، کوئٹہ میں درجہ حرارت صفر جبکہ قلات میں درجہ منفی دو ڈگری تک گر گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید سرد رہے گا جبکہ شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں انتہائی سردی کی لہر دوڑے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق، کوئٹہ سمیت شمال مغربی اضلاع میں موسم مطلع ابر آلود رہے گا، اور کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبد اللہ، قلعہ سیف اللہ اور ان کے گردونواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی صبح کوئٹہ میں درجہ حرارت صفر تک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات منفی 2، زیارت منفی 2، ژوب 3، سبی 9، تربت 14، نوکنڈی 9 اور چمن میں 4 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 اور جیوانی میں 12 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا