سی پی ایل: حنین شاہ کی شاندار بولنگ، فالکنز نے آخری گیند پر بازی مار لی

سی پی ایل: حنین شاہ کی شاندار بولنگ، فالکنز نے آخری گیند پر بازی مار لی

کیریبین پریمیئر لیگ (CPL) 2026 کے افتتاحی میچ میں اینٹیگا اینڈ باربوڈا فالکنز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جمیکا کنگزمن کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا۔

جمیکا کنگزمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 167 رنز بنائے اور فالکنز کو کامیابی کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا۔ جمیکا کی جانب سے ریزا ہینڈرکس نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 42 رنز بنائے، جبکہ روومن پاول نے 37 گیندوں پر 47 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔اینٹیگا اینڈ باربوڈا فالکنز کی جانب سے الزاری جوزف نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور جمیکا کنگزمن کو بڑا اسکور بنانے سے روکے رکھا۔

آخری اوور میں میچ کا پانسہ پلٹ گیا
168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فالکنز ایک موقع پر مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہے تھے۔ آخری اوور شروع ہونے سے قبل انہیں کامیابی کے لیے صرف 6 رنز درکار تھے جبکہ ان کی 4 وکٹیں باقی تھیں۔تاہم جمیکا کنگزمن کے نوجوان پاکستانی فاسٹ بولر حنین شاہ نے آخری اوور میں شاندار واپسی کرتے ہوئے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔حنین شاہ نے اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر 3 رنز دیے، لیکن اس کے بعد مسلسل دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کرکے جمیکا کنگزمن کی جیت کی امیدیں دوبارہ روشن کردیں۔فالکنز کو آخری گیند پر کامیابی کے لیے 2 رنز درکار تھے۔ حنین شاہ نے بلاک ہول میں گیند کرائی اور بیٹر کو بڑا شاٹ کھیلنے کا موقع نہیں دیا، تاہم لانگ آن پر موجود کپتان روومن پاول سے مس فیلڈ ہوئی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فالکنز کے بیٹرز نے مطلوبہ دو رنز مکمل کرلیے۔

یوں اینٹیگا اینڈ باربوڈا فالکنز نے آخری گیند پر 2 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سی پی ایل 2026 کا یادگار آغاز کیا۔میچ کے آخری لمحات میں حنین شاہ کی شاندار بولنگ کے باوجود جمیکا کنگزمن معمولی فرق سے فتح حاصل کرنے میں ناکام رہا، جبکہ فالکنز نے اعصاب شکن مقابلے میں آخری گیند پر بازی اپنے نام کرلی۔