مرغی کا گوشت سرکاری ریٹ سے 21 روپے مہنگا، شہری پریشان

مرغی کا گوشت سرکاری ریٹ سے 21 روپے مہنگا، شہری پریشان

لاہور  میں برائلر مرغی کا گوشت سرکاری نرخ سے مہنگا فروخت ہونے لگا، جبکہ مٹن، بیف اور فارمی انڈوں کی قیمتوں میں بھی سرکاری نرخ کے مقابلے میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

سرکاری نرخ کے مطابق برائلر مرغی کا گوشت 454 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون مارکیٹ میں یہ 470 سے 475 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔مارکیٹ میں مٹن بھی سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو کے بجائے 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے، جبکہ بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود صارفین سے 1000 سے 1200 روپے فی کلو وصول کیے جا رہے ہیں۔اسی طرح فارمی انڈوں کا سرکاری نرخ 268 روپے فی درجن ہے، تاہم مارکیٹ میں انڈے 275 سے 278 روپے فی درجن تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث روزمرہ استعمال کی اشیا پہلے ہی مہنگی ہوچکی ہیں، ایسے میں مرغی کا گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر اشیائے خورونوش کی فروخت یقینی بنانے کے لیے مؤثر کارروائی کی جائے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔