جعلی اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف رواں سال ایک لاکھ 80 ہزار کارروائیاں

لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں جعلی، غیر نمونہ اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈائون مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال اب تک غیر نمونہ اور فینسی نمبر پلیٹس لگانے پر ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد کارروائیاں کی جا چکی ہیں، جبکہ لاہور میں 44 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ نمبر پلیٹ میں ردوبدل یا چھیڑ چھاڑ قانوناً جرم ہے، اس لیے غیر نمونہ اور جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بند کیا جائے۔ انہوں نے سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ٹریفک ون ایپ کے ذریعے جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف مئوثر کارروائیاں یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نمبر پلیٹ گاڑی کی شناخت ہے اور شناخت چھپانا جرم ہے، شہری محکمہ ایکسائز کی ہدایات کے مطابق منظور شدہ نمبر پلیٹس استعمال کریں اور جعلی یا غیر قانونی نمبر پلیٹس سے گریز کریں۔