لندن‘ عوامی شکایات پر ہارر فلم دی ممی کے پوسٹر پر پابندی عائد

پوسٹر ذمے داری کیساتھ تیار کیا گیا، اس میں نہ تشدد دکھایا گیا ہے اور نہ ہی خوفناک منظر:فلمی سٹوڈیو کا موقف
لندن (شوبز ڈیسک) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہارر فلم دی ممی کے تشہیری پوسٹر پر عوامی شکایات کے بعد پابندی عائد کر دی گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پوسٹر میں ایک کم عمر بچی کا چہرہ دکھایا گیا تھا، جس کی سرمئی رنگت، پھٹے ہوئے ہونٹ اور سر کے ایک حصے پر ممی کی پٹیاں نظر آ رہی تھیں، جس کے باعث وہ مردہ بچی کا تاثر دے رہی تھی۔پوسٹر کی نمائش کے بعد تقریبا 30 افراد نے شکایت کی کہ یہ تصویر عوامی مقامات، خصوصا لندن انڈرگرائونڈ پر آویزاں کرنے کے لیے حد سے زیادہ خوفناک ہے اور اس سے بچوں پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔فلمی سٹوڈیو نے اپنے موقف میں کہا کہ پوسٹر ذمے داری کے ساتھ تیار کیا گیا، اس میں نہ تشدد دکھایا گیا ہے اور نہ ہی کوئی خوفناک منظر، جبکہ بچی کے چہرے پر بھی کوئی جذباتی اظہار موجود نہیں تھا۔تاہم ایڈورٹائزنگ اسٹینڈرڈز اتھارٹی نے اس موقف سے اتفاق نہیں کیا اور فیصلہ دیا کہ یہ اشتہار خصوصا کم عمر بچوں کے لیے پریشان کن ثابت ہو سکتا ہے، لہذا اسے عوامی مقامات، بشمول لندن انڈر گرانڈ پر آویزاں نہیں کیا جانا چاہیے۔