سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں اقبال ٹاؤن میں سلیمان خالد ، صدر ڈویڑن میں بابر، کاہنہ میں نذیر مارا گیا۔
لاہور(کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں 3 ملزمان ہلاک ہو گئے۔ سی سی ڈی ذرائع کے مطابق اقبال ٹاؤن میں اشتہاریوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں زیرحراست ملزم سلیمان خالد مارا گیا۔ پولیس اسے واردات کی نشاندہی کیلئے ساندہ لے جا رہی تھی کہ ساتھیوں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ میں سلیمان ہلاک ہو گیا جبکہ سب انسپکٹر شکیل محفوظ رہے۔ ہلاک ملزم قتل، ڈکیتی اور سنگین نوعیت کی 72 وارداتوں میں ملوث تھا۔ قبل ازیں سی سی ڈی صدر ڈویڑن سے مقابلے میں ملزم بابر علی اور کاہنہ کے علاقہ میں مبینہ مقابلے میں نذیر مارا گیا۔ سی سی ڈی اہلکار اور گاڑیاں محفوظ رہیں۔ پولیس نے لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا۔ ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔