ہمیں تو خدشہ ہے پی ٹی آئی خود وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ لے آئے
افسوس ہے علی امین گنڈاپور نے ایک مرتبہ پھر ناک کٹوا دی:گورنر کی میڈیا سے بات چیت
پشاور(آئی این پی )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے جب ہم عدم اعتماد لانے کی پوزیشن میں ہوں گے تو لائیں گے، 30 سے 35 ایم پی اے آزاد ہیں، ہمیں تو خدشہ ہے پی ٹی آئی خود وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ لے آئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ علی امین گنڈاپور نے ایک مرتبہ پھر ناک کٹوا دی، پی ٹی آئی صرف گلی کوچوں تک رہ چکی ہے یہ جلسہ جلوس نہیں کر سکتے، پشاور میں جلسہ کرنے پر کس نے پابندی لگائی تھی یہاں کر لیتے۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو بڑی مشکلات ہیں مجھے ان پر افسوس بھی ہوتا ہے کیونکہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا اتنا آسان کام نہیں ہوتا، وزیر اعلی اپنے آقائوں کی طرف دیکھتے ہیں۔