ایم ڈبلیو ایم کا کراچی سے حب کیلئے احتجاجی مارچ موخر

وزیرداخلہ سے بات ہو گئی‘ معاملہ جلد  خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا:گورنر سندھ کامران ٹیسوری 
کراچی(آئی این پی ) کراچی میں زیارات کیلئے  زمینی راستے سے ایران اور عراق جانے پر حکومتی پابندی کے خلاف مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے اعلان کردہ احتجاجی مارچ عارضی  طور پر موخر کر دیا گیا  ۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تصدیق کی کہ ایم ڈبلیو ایم کی قیادت نے ان کی درخواست پر کراچی سے حب جانے والا قافلہ موخر کر دیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے بتایا کہ وہ اس معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تفصیلی گفتگو کر چکے ہیں جنہوں نے ملک میں موجود سیکیورٹی خدشات کو اس فیصلے کی بنیادی وجہ قرار دیا۔ اس کے علاوہ وزیر مملکت طلال چوہدری سے بھی اس سلسلے میں رابطہ کیا گیا ہے۔کامران ٹیسوری نے امید ظاہر کی کہ  یہ  معاملہ جلد  خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔  مجلس وحدت المسلمین کی قیادت سے ہونے والی بات چیت پر مکمل عملدرآمد کریں گے