اسرائیل غزہ پر قبضہ نہیں کرے گا، بین الاقوامی باڈی غزہ کا انتظام سنبھالے گی، حماس ہتھیار ڈال دے تو غزہ کی جنگ ختم ہو جائے گی
امریکہ اور بھارت مل کر ٹیرف تنازع کا حل نکال سکتے ہیں‘امریکہ کو معلوم ہے بھارت قدرتی شراکت دار ہے:نیتن یاہو کی میڈیاسے گفتگو
تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھارت کے آپریشن سندور میں اسرائیلی ہتھیاروں کے استعمال ہونے کی تصدیق کر دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی صحافی سے گفتگو میں نیتن یاہو کا کہنا تھا بھارت نے آپریشن سندور میں اسرائیلی ہتھیار استعمال کیے اور اسرائیلی ہتھیاروں نے جنگی میدان میں کارگر ہونے کو ثابت کیا۔انہوں نے کہا اسرائیل غزہ پر قبضہ نہیں کرے گا، بین الاقوامی باڈی غزہ کا انتظام سنبھالے گی، حماس ہتھیار ڈال دے تو غزہ کی جنگ ختم ہو جائے گی۔نیتن یاہو نے کہا اسرائیل کا مقصد حماس کا خاتمہ اور حماس کو غزہ سے نکالنا ہے۔ٹیرف معاملے پر ان کا کہنا تھا امریکہ اور بھارت ہمارے بہت اچھے دوست اور شراکت دار ہیں، امریکہ بھی یہ بات سمجھتا ہے بھارت مضبوط شراکت دار ہے، امریکہ اور بھارت مل کر ٹیرف تنازع کا حل نکال سکتے ہیں۔انہوں نے کہا امریکہ کو معلوم ہے کہ بھارت قدرتی شراکت دار ہے، اسرائیل اور بھارت کے درمیان براہِ راست پروازوں کا معاملہ بھی زیرِ غور ہے۔