لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں خطرناک حد تک اضافے کے امکان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافے سے ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور دیگر صحت کے مسائل جنم لے سکتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں باہر نہ نکلیں اور زیادہ سے زیادہ پانی پییں۔ انہوں نے کہا کہ گرمی سے بچاؤ کے لیے سر کو ڈھانپ کر رکھنا ضروری ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ صورتحال کے پیش نظر اسپتالوں میں ایمرجنسی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کو فوری علاج فراہم کیا جا سکے۔ تعلیمی اداروں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسمبلی کے اوقات کو محدود کریں اور طالب علموں کو گرمی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر فراہم کریں۔
مریم اورنگزیب نے حاملہ خواتین، دل اور شوگر کے مریضوں کو خصوصی طور پر احتیاط برتنے کی ہدایت دی اور انہیں دھوپ سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔ ساتھ ہی ساتھ، انہوں نے جانوروں کے لیے سایہ دار جگہ فراہم کرنے اور پینے کے صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔محکمہ صحت کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک ڈیسک قائم کریں اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔