ماسکو: روس اور شمالی کوریا نے دریائے تومین پر دونوں ممالک کو ملانے والے اپنے پہلے سڑک پل کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب میں روسی وزیراعظم میخائل میشوستین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ تقریباً ایک کلومیٹر طویل یہ پل روس کے علاقے خاسان کو شمالی کوریا کے تومان گانگ سے ملاتا ہے۔روسی حکام کے مطابق پل کا نام سوویت افسر یاکوف نوویچینکو کے نام پر رکھا گیا ہے۔ اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان بنیادی زمینی رابطہ 1959 میں قائم ہونے والا ریلوے ’فرینڈشپ برج‘ تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ نئے سڑک پل سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت اور روزگار کے مواقع کو فروغ ملے گا، جبکہ اقتصادی اور ثقافتی تعاون میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
پل کی تعمیر اپریل 2025 میں شروع ہوئی تھی، جبکہ منصوبے پر 2024 میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے شمالی کوریا کے دورے کے دوران اتفاق کیا گیا تھا۔نئے پل کا افتتاح ایسے وقت میں ہوا ہے جب یوکرین جنگ کے بعد روس اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات میں نمایاں قربت اور تعاون دیکھنے میں آیا ہے۔