کولمبیا: دوسروں کے معاملات میں دلچسپی لینے کی عادت کو عام طور پر ناپسندیدہ سمجھا جاتا ہے، لیکن کولمبیا کی 67 سالہ خاتون مریم نے مبینہ طور پر اسی عادت کو آمدنی کا ذریعہ بنا لیا اور اپنی کمائی سے دو گھر خریدنے میں کامیاب ہو گئیں۔
رپورٹس کے مطابق مریم روزانہ صبح سویرے نوٹ بک لے کر گھر کے باہر بیٹھ جاتی ہیں اور محلے میں ہونے والی سرگرمیوں پر نظر رکھتی ہیں۔کون کہاں جا رہا ہے، کس سے کیا بات ہوئی اور محلے میں کون سا نیا معاملہ زیرِ بحث ہے، مریم اپنے نزدیک اہم سمجھی جانے والی معلومات نوٹ کرتی ہیں۔ بعد ازاں وہ یہی ’محلے کی خبریں‘ ان افراد تک پہنچاتی ہیں جو ان معلومات میں دلچسپی رکھتے ہیں، اور یہی ان کی آمدنی کا ذریعہ بن چکا ہے۔مریم نے مختلف انٹرویوز میں دعویٰ کیا کہ کئی برس تک اردگرد ہونے والے واقعات سے باخبر رہنے، مقامی لوگوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور رقم بچانے کی عادت نے انہیں مالی فائدہ پہنچایا۔
ان کے مطابق مسلسل کمائی اور بچت کے نتیجے میں وہ بالآخر دو مکانات خریدنے میں کامیاب ہوئیں۔مریم کا کہنا ہے کہ ان کے اس انوکھے کام کے باعث بعض اوقات پڑوسیوں کے ساتھ تلخی بھی پیدا ہو جاتی ہے، تاہم اب تک کسی نے ان کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی۔یوں جہاں بیشتر افراد کے لیے محلے کی گپ شپ محض وقت گزاری ہوتی ہے، وہیں مریم نے مبینہ طور پر اسے آمدنی کے ایک منفرد ذریعے میں تبدیل کر دیا۔