یوم دفاع پر آئی جی پنجاب کا افواج پاکستان کو خراج تحسین

پنجاب پولیس ملکی دفاع اور سلامتی میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے:عبدالکریم 
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں افواج پاکستان کی بے مثال خدمات اور لازوال جذبہ ایثار و قربانی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے پر افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے، ملکی بقا اور سلامتی کے لیے پاک فوج کے لازوال جذبہ ایثار و قربانی کی کہیں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ملک کی اندرونی، بیرونی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ یوم دفاع وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء سے تجدید عہد کا دن ہے جبکہ پولیس فورس کے افسران اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ممالک ففتھ جنریشن وار کے ذریعے ہماری نظریاتی سرحدوں پر حملہ آور ہیں، اس لیے ہمیں اپنی سماجی اقدار کا دفاع اور نئی نسل کی اخلاقی و دینی تربیت پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ملکی اندرونی سرحدوں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور ان شاء اللہ ہمیشہ رہے گا۔