خیبرپختونخوا میں دہشت گردی ہر قیمت پر روکنا ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف

خیبرپختونخوا میں دہشت گردی ہر قیمت پر روکنا ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، حکومت کی خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی اور خوشحالی ہو۔

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ ترقی کے عمل کو بھی آگے بڑھایا جائے گا۔وفاقی وزیر امیر مقام نے وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری امور اور مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو مشروط مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ احتجاج اور دھرنے ختم کیے جائیں، حکومت کے دروازے مذاکرات کے لیے کھلے ہیں، تاہم مارچ اور دھرنوں کے خاتمے کے بعد ہی بات چیت کا عمل آگے بڑھ سکتا ہے۔وزیراعظم نے مذاکرات کی کوششیں کامیاب نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے تمام کوششیں کی گئیں، تاہم وہ بارآور ثابت نہ ہوسکیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے تو دوسری جانب احتجاج کے باعث برآمدات، درآمدات اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں کے شدید متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔وزیراعظم نے خبردار کیا کہ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کا براہ راست اثر ملکی معیشت پر پڑے گا۔