پہلی بار دیکھا کہ وزیرِ اعلی تحریک چلا رہا ہے ،زاہد خان

  سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال، قیدی کی رہائی کیلئے وفاق پر چڑھائی کا کوئی جواز نہیں
 پشاور(آئی این پی )مسلم لیگ ن کے رہنما زاہد خان نے وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک قیدی کی رہائی کے لئے اسلام آباد پر چڑھائی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے سب زیادہ متاثر خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتِ حال انتہائی ابتر اور کرپشن کا بازار گرم ہے۔زاہد خان کا کہنا ہے کہ احتجاج کیلئے  سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، پہلی بار دیکھا کہ وزیرِ اعلی تحریک چلا رہا ہے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ دہشت گردی کے تانے بانے دہلی اور کابل تک ملتے ہیں، خیبر پختون خوا حکومت کسی سے ڈکٹیشن لینے کے بجائے عوام کا سوچے۔ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلی کو احساس نہیں کہ صوبے کے عوام کا کیا بنے گا، آپ کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے تو آپ ان کے مسائل پر توجہ دیں، مسائل کا حل بیٹھ کر بات چیت سے نکالا جاتا ہے۔