عالمی سطح پر بھارت کو بطور دہشتگرد ریاست دیکھا جا رہا ہے:بیرسٹر سلطان

 بھارت میں ہندوتوا نظریہ اسلامی ثقافت اور مسلمانوں کے وجود کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں،صدرآزاد کشمیر 
بریڈفورڈ(آئی این پی )صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ بھارت اس وقت دفاعی پوزیشن پر آ چکا ہے اور عالمی سطح پر اسے ایک دہشت گرد ریاست کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ بریڈ فورڈ میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنمائوں کے قتل سے نریندر مودی کی حکومت کی بربریت بے نقاب ہو گئی ہے، جس سے بھارت کا سیکولر اور جمہوری چہرہ بھی مسخ ہو کر رہ گیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ آج دنیا پر یہ حقیقت آشکار ہو چکی ہے کہ نظریہ پاکستان محض کوئی وقتی ضرورت نہیں ایک حقیقی نظریہ تھا، کیوں کہ بھارت میں ہندوتوا نظریہ اسلامی ثقافت اور مسلمانوں کے وجود کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔صدر آزاد کشمیر نے اوور سیز پاکستانیوں اور کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر بھارت کی انتہا پسندی کو مزید بے نقاب کریں۔بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مسئلہ کشمیر کا مضبوط وکیل رہا ہے، کشمیری صرف اپنا حقِ خود ارادیت مانگتے ہیں، جسے اقوامِ متحدہ نے بھی تسلیم کر رکھا ہے، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مداخلت کر کے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے۔