برسبین (نیٹ نیوز)ویسے تو مور بہت خوبصورت پرندہ ہوتا ہے مگر بظاہر وہ اپنی ہی محبت میں بھی گرفتار ہوسکتا ہے۔یہ دلچسپ بات آسٹریلیا میں سامنے آئی۔برسبین شہر کے ایک گھر میں مقیم جوڑے نے اپنے باتھ روم میں ایک مور کو دریافت کیا جو وہاں موجود آئینے میں اپنے عکس کو دیکھ بظاہر خود سے ہی محبت کرنے لگا۔جیف اور ڈیلون بالینٹائن کچھ دن قبل ایک شام کو کافی پینے کے لیے باہر گئے اور جب واپس آئے تو ایک مور کو باتھ روم کے آئینے میں خود کو پیار سے دیکھ رہا تھا۔ڈیلون بالینٹائن نے پہلے اس پرندے کو دیکھا اور پھر چیخنا شروع کر دیا۔جیف بالینٹائن کے مطابق 'میری بیوی نے کافی شور کیا تو مجھے لگا تھا کہ گھر میں کوئی حملہ آور داخل ہوگیا مگر پھر اس نے کہا کہ وہ ایک مور ہے، مجھے اپنی بیوی پر یقین تھا مگر میں نے کوشش کی کہ اس پر یقین نہ کروں کیونکہ یہ کہانی زیادہ قابل یقین نہیں تھی'۔اس جوڑے نے مور کو آئینے کے سامنے سے ہٹانے کی کافی کوشش کی اور اسے پانی اور کھانے کی پیشکش کی، مگر ناکامی پر وائلڈ لائف ادارے کے عملے کو طلب کیا۔وائلڈ لائف ادارے کے عملے نے مور کے اوپر تولیہ ڈال کر اٹھا لیا اور پھر اسے قریبی جھاڑیوں میں جاکر چھوڑ دیا۔مگر اس کے بعد سے وہ مور ہر دوپہر کو سوزی ٹافولو کے گھر میں آتا ہے، جو جیف بالینٹائن کے گھر کے پاس ہی واقع ہے۔سوزی ٹافولو کے خیال میں یہ پرندہ ایک مقامی ٹیٹو آرٹسٹ ایلیٹ روس کا پالتو مور ہے، جو کچھ عرصے سے اپنے گمشدہ مور کو تلاش کر رہا ہے۔ایلیٹ روس نے بھی بعد میں تصدیق کی کہ یہ مور ان کا ہی ہے، جس کے بعد سوزی ٹوفولو نے مور کے لیے اپنے گھر میں ایک قد آدم لمبائی کا آئینہ تیار کرکے احاطے میں رکھ دیا۔اب مور وہاں اب اپنا عکس دیکھنے کے لیے آتا ہے جبکہ سوزی ٹوفولو کو توقع ہے کہ وہ بہت جلد ایلیٹ روس سے دوبارہ مل جائے گا۔شہری حیاتی ماحولیات کے ماہر پروفیسر ڈیرل جونز کا ماننا ہے کہ یہ مور تنہا تو ہے مگر ضروری نہیں کہ محبت کو تلاش کر رہا ہو۔