دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 9 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا
اسلام آباد(آن لائن) سری لنکا نے اسلام آباد کلب میں کھیلے گئے تین روزہ پریکٹس میچ میں پی سی بی پیٹرنز الیون کو 142 رنز سے شکست دے دی۔254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پی سی بی پیٹرنز الیون کی پوری ٹیم 111 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ طیب عارف 32 اور عبداللہ فضل 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے کیسارا نوونتھا نے چار جبکہ ایشان ملنگا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔میچ کے تیسرے اور آخری روز سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 121 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی اور پوری ٹیم 181 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ملان رتنائیکے 40، انجلا بندارا 34 اور کیسارا نوونتھا 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پی سی بی پیٹرنز الیون کی جانب سے شعیب اختر جونیئر اور عبید شاہ نے تین، تین جبکہ ثاقب خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 9 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔