ڈاکٹر طاہر رضا بخاری سمیت 10 افسروں کیخلاف تحقیقات کا حکم

صوفی آباد وقف جائیداد سکینڈل میں سابق سیکرٹری اوقاف کیخلاف کارروائی ہوگی‘فواد ہاشم انکوائری افسر مقرر
لاہور(سپیشل رپورٹر)صوفی آباد وقف جائیداد سکینڈل میں سابق سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری سمیت 10 افسروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری کا حکم دے دیا گیا‘وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد محکمہ اوقاف کے نامزد افسروں کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی‘ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا‘مقررہ پالیسی کے برعکس اضافی 15 مرلے اراضی کی نیلامی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں‘مارکی کو نئی نیلامی کے بغیر پٹرول پمپ اور فاسٹ فوڈ پوائنٹ میں تبدیل کرنے کا الزام بھی ہے‘قانونی لیز معاہدے کے بغیر قبضہ منتقل کرنے اور کرائے میں سالانہ 10 فیصد اضافے کی شرط ختم کرنے کی بھی تحقیقات ہوں گی‘سابق ڈائریکٹر اسٹیٹ وسیم عباس اور سابق زونل ایڈمنسٹریٹر ایم اشفاق دیال سمیت دیگر افسر بھی نامزد کئے گئے ہیں‘انکوائری افسر 60 روز میں جامع رپورٹ اور سفارشات مجاز اتھارٹی کو پیش کریں گے۔