ویب ڈیسک:وزیراعظم پاکستان، شہباز شریف نے چین کے سفارت خانے میں چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے کراچی میں چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی اور اس کے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ حملہ پاک چین برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے اور اس واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔شہباز شریف نے چینی سفیر کو بتایا کہ حکومت اس واقعے کی تحقیقات کی نگرانی کر رہی ہے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور زخمی چینی شہریوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ زخمی چینی شہریوں کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان واقعے کے ذمہ داران کو جلد سزا دے گا۔ انہوں نے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے مزید سیکیورٹی تعاون کی خواہش ظاہر کی۔وزیراعظم کے ہمراہ اس ملاقات میں وزیر داخلہ محسن رضا نقوی، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔چینی سفیر نے وزیراعظم کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان جلد واقعے کے ذمہ داروں کو گرفتار کر کے انہیں سزا دے گا۔