بچی بیچنے والے میاں بیوی سمیت 3 گرفتار

5 ماہ کی بچی کو روی نے والدین سے 3 لاکھ میں خریدا،6 لاکھ میں بیچنا تھی، 2موبائل فون اور زیر استعمال گاڑی برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر) گلبرگ پولیس نے 5 ماہ کی بچی6لاکھ میں فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ، بچی کو بیچنے والے میاں بیوی سمیت 3 ملزم گرفتار کر لئے گئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق گلبرگ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بچی کو فروخت کرنے والے میاں بیوی سمیت 3ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق بچی کو ملزم روی نے والدین سے 3 لاکھ روپے میں خریدا، بعد ازاں ملزم گل زیب اور نرمل بچی کو روی کے ساتھ مل کر 6 لاکھ میں فروخت کرنے گئے اورپکڑے گئے، ان سے 2 موبائل فون اور زیر استعمال گاڑی قبضہ میں لے لی گئی جبکہ بچی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے سپرد کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا بچی کو پہلی بار فروخت کرنے والے والدین کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔