اسلام آباد: حکومت پاکستان نے معاشی دباؤ اور زرمبادلہ کے ذخائر کے تحفظ کے پیش نظر قیمتی پتھروں، جیمز اور جیولری کی درآمد و برآمد پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔
وزارت تجارت کی جانب سے اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی فوری طور پر نافذالعمل ہے اور ابتدائی طور پر 60 دن کے لیے مؤثر رہے گی۔ وزارت تجارت کے مطابق یہ اقدام غیر ضروری درآمدات کو محدود کرنے، تجارتی خسارے کو قابو میں رکھنے اور ملک کے زر مبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس پابندی کے دوران کسی بھی قسم کی جیولری یا قیمتی پتھروں کی درآمد یا برآمد کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تجارتی حلقوں کی جانب سے اس فیصلے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے قلیل مدتی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، تاہم اس کا اثر جیولری انڈسٹری، برآمد کنندگان اور روزگار پر بھی پڑ سکتا ہے۔