بانی پی ٹی آئی عدالتی عمل کے ذریعے ہی رہا ہوں گے:ندیم افضل چن

 قومی یکجہتی وقت کی ضرورت ،موجودہ صورتحال ایک اچھا موقع،پی ٹی آئی کو حکومت کیساتھ ڈائیلاگ کرنے چاہئیں

اسلام آباد(آئی این پی ) پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ایک قانونی اور عدالتی عمل کے ذریعے ہی رہا ہوں گے،   کسی ایگزیکٹو آرڈر سے رہا نہیں ہوسکتے،موجودہ صورتحال ایک اچھا موقع ہے کہ سیاسی لڑائیوں کی شدت میں کمی کی جائے،پی ٹی آئی کو حکومت کے ساتھ ڈائیلاگ کرنے چاہئیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی وقت کی ضرورت ہے، حکومت اور اپوزیشن دونوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اس وقت ذاتی مفادات کو سائیڈ پر رکھ دیں، بریفنگ میں فیصلہ ہوا تھا کہ کہیں بھی آپس میں تلخ کلامی نہیں ہوگی، پیغام جانا چاہیے کہ پوری قوم یکجا اورمتحد ہے، اس پیغام پرعمل کرنا حکومت اور اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہے، پی ٹی آئی کو بریفنگ میں آنا چاہیے تھا اور مطالبہ رکھ دیتی کہ ہمیں عطاء تارڑکے بجائے اسحاق ڈار بریفنگ دیں۔