لاہور، اوکاڑہ، ساہیوال اور خانیوال میں موٹر سائیکل چلانے والوں کو فوری چالان کے بجائے پہلے ہیلمٹ خریدنے کا مشورہ
لاہور(کرائم رپورٹر)موٹروے پولیس سنٹرل ریجن نے موٹر سائیکل سواروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ’’چالان نہیں، ہیلمٹ‘‘ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق قومی شاہراہ پر لاہور، اوکاڑہ، ساہیوال اور خانیوال میں آگاہی مہم جاری ہے جبکہ ملتان، لودھراں، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی شہریوں کو ہیلمٹ کے استعمال کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ترجمان کے مطابق بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کو فوری چالان کرنے کے بجائے پہلے ہیلمٹ خریدنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ اگر موٹر سائیکل سوار موقع پر ہیلمٹ خرید لیتا ہے تو اس کا چالان نہیں کیا جاتا۔موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد موٹر سائیکل سواروں کی قیمتی جانوں کا تحفظ اور حادثات کے دوران سر پر لگنے والی مہلک چوٹوں سے بچائو کو یقینی بنانا ہے۔ ’’چالان نہیں، ہیلمٹ‘‘ مہم کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور شہری اس اقدام کو سراہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ کا استعمال ٹریفک حادثات میں سر کی مہلک چوٹوں سے بچائو کا مئوثر ذریعہ ہے۔