یونیورسٹی کی کوریڈورز میں حفاظتی جالیوں اور باڑ کی تنصیب

 لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کی یونیورسٹی آف لاہور میں خودکشی اور اقدامِ خودکشی کے دو افسوسناک واقعات سامنے آنے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ذرائع کے مطابق حال ہی میں 21 سالہ طالبہ کے اقدامِ خودکشی کے واقعے کے بعد یونیورسٹی کی مرکزی عمارت کے تمام کوریڈورز میں حفاظتی جالیوں اور باڑ کی تنصیب کا کام جاری ہے، جسے اب مکمل کر لیا گیا ہے۔ذرائع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام طلبہ کی جان و مال کے تحفظ کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب عمارت کے کوریڈورز سے دو طلبہ کے چھلانگ لگانے کے واقعات پیش آئے، جس پر والدین، طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ کیمپس میں طلبہ کی ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی بڑھانے اور کونسلنگ سہولیات کو بہتر بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔