پاکستان بنگلہ دیش کی فضائیہ کو تربیت دینے میں تعاون کرے گا ایئرچیف مارشل

 ایئر چیف بنگلہ دیش حسن محمود خان کی پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز آمد ، ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے   ملاقات‘  جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی  خریداری پر  تبادلہ خیال
بنگلہ دیشی فضائیہ کے سربراہ  کی  پاکستانی فضائیہ کے جنگی ریکارڈ کی تعریف،  بنگلہ دیش کی فضائیہ کی اعلی مہارت تک تربیت کیلئے پرعزم ہیں: پاکستانی ایئر چیف نے کی  یقین دہانی  
راولپنڈی (آئی این پی )بنگلہ دیش فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان کی قیادت میں ایک اعلی سطحی دفاعی وفد نے اسلام آباد میں ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔پاک  فوج  کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق ملاقات میں آپریشنل تعاون اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ تربیت، استعداد کار میں اضافے اور ایرو اسپیس کے شعبے میں تعاون پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس دورے کے موقع پر بنگلہ دیشی فضائیہ کے سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان فضائیہ کی حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور بنگلہ دیش فضائیہ کی معاونت کے لیے جامع تربیتی فریم ورک کی پیشکش کی، جس میں بنیادی سے لے کر جدید پرواز اور خصوصی کورسز شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے   مطابق ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی کامیابیوں سے آگاہ کیا، ایئر چیف نے کہاکہ پاکستان بنگلہ دیش کی فضائیہ کی تربیت کے حوالے سے تعاون کرے گا، پاکستان بنگلہ دیش فضائیہ کی اعلی مہارت تک تربیت کیلئے پرعزم ہے۔پاکستانی ایئر چیف نے بنگلہ دیش کو سپر مشاق ٹرینر طیاروں کی تیز رفتار فراہمی کے علاوہ مکمل تربیتی اور طویل المدتی تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔  بنگلہ دیشی فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان فضائیہ کے جنگی ریکارڈ کی تعریف کی اور اس کی آپریشنل مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے بنگلہ دیش فضائیہ کے پرانے طیاروں کے لیے دیکھ بھال اور تکنیکی معاونت، فضائی نگرانی بہتر بنانے کے لئے  ایئر ڈیفنس ریڈار سسٹمز کے انضمام اور جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری پر بھی تبادلہ خیال کیا